تہران: امریکی حکام نے کہا ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی رات کو خلیج فارس میں ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور (IRGC) نے ایک امریکی سمندری ڈرون کو قبضے میں لینے کی کوشش کی لیکن جیسے ہی امریکی بحریہ کے جنگی جہاز اور ہیلی کاپٹر حرکت میں آ گئے تو ایران نے ڈرون کو چھوڑ دیا۔امریکی بحریہ کے ایک سینیئر کمانڈر نے واقعے کو ’شرمناک‘ اور ’بلاجواز‘ قرار دیدیا ہے ۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ پہلا واقعہ ہے کہ امریکی بحریہ کے مشرق وسطیٰ میں قائم 5 ویں بیڑے کی نئی ڈرون ٹاسک فورس کو ایران نے نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے ۔اگرچہ ڈرون پکڑنے کا واقعہ کسی ناخوش گوار نتیجے پر ختم نہیں ہوا، تاہم یہ واقعہ امریکہ اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران پیش آیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان جوہری معاہدے پر بات چیت کا سلسلہ تاحال معلق ہے ۔