ایران نے کم و بیش 1000 احتجاجیوں کو ہلاک کیا، امریکہ کا دعویٰ

   

واشنگٹن ۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ایران پر الزام عائد کیا ہیکہ ایران نے کریک ڈاؤن کے ذریعہ گذشتہ ماہ سے احتجاج کرنے والے کم از کم 1000 افراد کو موت کے گھاٹ اتارا ہے۔ اب جبکہ سچائی سب کے سامنے آرہی ہے لہٰذا یہ بات وثوق سے کہی جاسکتی ہیکہ ایران نے زائد از 1000 افراد کو موت کے گھاٹ اتارا ہے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے خصوصی نمائندہ برائے ایران برائن ہوک نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران صحافیوں کو یہ بات بتائی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ ایران میں گذشتہ ماہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف 15 نومبر سے زبردست احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ مسٹر ہوک نے بتایا کہ امریکہ کو احتجاجیوں کے زائد از 32000 ویڈیو فوٹیج حاصل ہوئے ہیں جو انتہائی محفوظ سائٹس سے حاصل ہوئے ہیں جنہیں دیکھ کر رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں کہ حکومت نے احتجاجیوں کے ساتھ سفاکانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ میں تمام ویڈیو فوٹیج کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔