اسلام آباد : پاکستان کے قومی سلامتی سے متعلق اداروں کے ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستانی فوج پوری طرح تیار اور ‘ہائی الرٹ’ پر ہے۔ ایران نے ایسی کوئی مزید کوشش کی تو پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔یہ بات پاکستان کے سلامتی سے متعلق اعلیٰ ترین ذرائع نے ایسے موقع پر کہی ہے جب پاکستان اور ایران کے درمیان اچانک سرحدوں پر صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے اور اس کا آغاز ایران کی طرف سے کیا گیا ہے۔ایرانی حملے کے جواب میں پاکستانی فورسز نے بھی ایران کے اندر بلوچ دہشت گردوں کو نشانہ بنایا ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے اس کارروائی کی جمعرات کی صبح باضابطہ تصدیق کی ہے۔تاہم پاکستان کی طرف سے یہ جواب اس ایرانی حملے کے دو دن بعد دیا گیا ہے جو ایران نے پاکستان کے اندر دہشت گرد تنظیم ‘جیش العدل’ کے ہیڈکوارٹر کے نام پر کیے تھے۔