تہران ۔یکم ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران میں پارلیمانی انتخابات کے لیے امیدواروں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ یہ انتخابات اگلے برس فروری میں ہوں گے۔ ان انتخابات میں اصلاحات پسند صدر حسن روحانی اور ان کے مخالف قدامت پسندوں کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔ ایران میں نومبر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت مخالف مظاہروں کے بعد نئے انتخابات مزید اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق ان مظاہروں میں مجموعی طور پر 161 افراد ہلاک ہوئے لیکن ایرانی حکام نے ان اعدادو شمار کی تصدیق نہیں کی۔ کہا جارہا ہے کہ مظاہروں میں شامل سات ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔