ایران پر اسرائیلی حملے، خرق جزیرہ دھماکوں سے لرز اٹھا، ریلوے پل نشانہ

,

   

تہران /دبئی 7 اپریل:(ایجنسیز) ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں خرق جزیرہ پر زور دار دھماکوں کی اطلاعات ہیں جبکہ اسرائیل کی جانب سے ایران کے شہر کاشان میں ریلوے پل کو نشانہ بنانے کی خبریں بھی ملی ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق خرق جزیرہ پر دھماکے مبینہ طور پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کا نتیجہ ہیں۔ اس سے قبل اسرائیلی دفاعی افواج نے فارسی زبان میں ایک ہنگامی انتباہ جاری کرکے شہریوں کو ٹرینوں کے استعمال سے گریز کی ہدایت دی تھی۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ ریلوے لائنوں یا ٹرینوں کے قریب موجودگی خطرہ بن سکتی ہے۔ انتباہ کے چند گھنٹوں بعد مشہد کے مرکزی ریلوے اسٹیشن سے تمام ریل خدمات معطل کرنے کا اعلان کر دیا گیا، جس سے ملک بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ادھر ایران کی پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے توانائی تنصیبات اور پلوں پر حملوں کی دھمکی پر عمل کیا تو پورے خطے میں تیل اور گیس کی فراہمی برسوں تک متاثر ہو سکتی ہے۔ بیان میں خلیجی ممالک کو بھی بالواسطہ خبردار کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شہری تنصیبات پر حملوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا اور امریکہ کو خبردار کیا ہے۔ ایران کے صوبہ البرز میں ایک فضائی حملے میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور 24 زخمی ہو گئے، جبکہ تہران اور اس کے نواحی علاقوں میں شدید بمباری کی اطلاعات ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق مختلف شہروں میں رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ جبکہ ایران میں ایک جنرل نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو رات کے وقت چیک پوسٹوں پر تعینات کریں، جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید تشویش ظاہر کی ہے۔k