سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ کا ردعمل
حیدرآباد۔ یکم؍ مارچ (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا سی پی آئی سید عزیز پاشاہ نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملہ اور آیت اللہ خامنہ ای اور دیگر 700 افراد کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ عزیز پاشاہ جو انڈین سوسائٹی فار کلچرل کوآپریشن اینڈ فرینڈ شپ کے صدر بھی ہیں ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے کی مذمت کی اور کہا کہ بے قصور اسکولی طالبات کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے نیوکلیر مسئلہ پر جنیوا میں مذاکرات کے دوران لچکدار موقف اختیار کیا تھا لیکن بات چیت کی ناکامی کا بہانہ بناکر امریکہ اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی اشتعال کے بغیر ہی 150 بیلسٹک میزائل ایران پر داغے گئے۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ دنیا کے کسی بھی حکمراں کو برداشت نہیں کرسکتے۔ مختلف ممالک میں امریکہ نے اپنے ٹھکانے قائم کرتے ہوئے 30 تا 40 ہزار فوجیوں کو تعینات کیا ہے۔ عزیز پاشاہ نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ ایران میں مقیم ہندوستانیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انڈین سوسائٹی فار کلچرل کوآپریشن اینڈ فرینڈ شپ کی جانب سے احتجاجی پروگرام منظم کرتے ہوئے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے کی مذمت کی جائے گی۔ 1