واشنگٹن ۔ 22 جولائی (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اگر ضرورت پیش آئی تو وہ ایران کی نیوکلیئر تنصیبات پر بار بار حملے کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ امریکی حملوں سے ایران کے نیوکلیئر مقامات تباہ ہو چکے ہیں۔ٹرمپ کی یہ دھمکی ایسے وقت سامنے آئی جب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی چینل فوکس نیوز سے گفتگو میں تسلیم کیا کہ ایران کا نیوکلیئر پروگرام فی الحال رک چکا ہے، کیونکہ وہ اسرائیلی اور امریکی بم باری کے نتیجے میں “شدید نقصان” کا شکار ہوا ہے۔ تاہم عراقچی نے واضح کیا کہ ایران یورینیم کی افزودگی سے دست بردار نہیں ہو گا اور وہ فی الحال امریکہ کے ساتھ نیوکلیئر پروگرام پر مذاکرات شروع کرنے کو تیار نہیں۔ ٹرمپ نے آج منگل کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر لکھا “وزیر خارجہ عباس عراقچی ایرانی نیوکلیئر تنصیبات کے بارے میں کہہ رہے ہیں کہ ‘نقصان شدید ہے، سب کچھ تباہ ہو چکا ہے’… یہی میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں، اور اگر ضرورت پڑی تو ہم دوبارہ ایسا کریں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی نیوکلیئر پروگرام کوشدید نقصان پہنچا ہے، اور ان میڈیا اداروں کو معافی مانگنی چاہیے جنھوں نے امریکی حملوں کی شدت پر سوالات اٹھائے گزشتہ ماہ21 جون کو، امریکی فضائیہ نے B-2 بم بار طیاروں کے ذریعے اصفہان، نطنز اور فردو میں واقع ایرانی نیوکلیئر تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔ ان میں فردو کا وہ مقام بھی شامل تھا جو پہاڑ کے اندر، نصف میل گہرائی میں واقع ہے۔تاہم ان حملوں سے ہونے والے نقصان کے اندازے کے حوالے سے صدر ٹرمپ اور دیگر حکام کے بیانات میں اختلاف نظر آیا۔ ٹرمپ نے “ٹروتھ سوشل” پر کہا کہ یہ حملے “ایرانی نیوکلیئر تنصیبات کو صفحہ ہستی سے مٹا چکے ہیں” اور سب سے بڑا نقصان زمین کے نیچے ہوا ہے۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگزیتھ نے کہا کہ بموں کا اثر “اب بھی ملبے کے نیچے دفن ہے” اور جو لوگ اس مشن کی کامیابی پر شک کر رہے ہیں، وہ دراصل صدر کو کمزور دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ادھر سی آئی اے کے ڈائریکٹر جون ریٹکلف نے تصدیق کی کہ ان حملوں نے ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو شدید نقصان پہنچایا۔
امریکہ یونیسکو سے دستبردار ہو جائے گا: ٹرمپ
واشنگٹن، 22 جولائی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے اس تنظیم پر ایسے مسائل کی حمایت کرنے کا الزام لگایا ہے جو تفرقہ انگیز ہیں۔نیویارک پوسٹ اخبار نے وائٹ ہاؤس کی نائب ترجمان اینا کیلی کے حوالے سے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے یونیسکو سے امریکہ کو نکالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اقوام متحدہ کی یہ تنظیم تفرقہ انگیز ثقافتی اور سماجی مسائل کی حمایت کرتی ہے اور ان عمومی پالیسیوں سے بالکل مختلف ہے جن کے لیے امریکیوں نے نومبر میں ووٹ دیا تھا۔
ایران کا خلاء میں قاصد راکٹ بھیجنے کا کامیاب تجربہ
تہران، 22 جولائی (یو این آئی) ایران نے زمین کے مدار میں خلائی راکٹ بھیجنے کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ ایرانی قاصد سیٹلائٹ خلاء میں لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔قاصد راکٹ کی تیاری ایران نے داخلی طور پر کی ہے اور یہ تجربہ اس سارے معاملے کی جانچ کی ایک کڑی ہے۔