واشنگٹن۔ یکم مارچ (یو این آئی) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر جاری امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں میں اب تک 48 ایرانی لیڈر ہلاک ہو چکے ہیں۔امریکی صدر نے ’’فوکس نیوز‘‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ کوئی یقین نہیں کر سکتا کہ ہمیں کتنی بڑی کامیابی حاصل ہو رہی ہے ، ایک ہی کارروائی میں 48 لیڈرختم ہو گئے اور یہ عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ایک اور انٹرویو میں ’’سی این بی سی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران میں جاری امریکی فوجی آپریشن طئے شدہ شیڈول سے بھی آگے بڑھ رہا ہے ۔ٹرمپ کے مطابق امریکہ اور اس کے اتحادی ایران کے خلاف جاری کارروائیوں میں اپنے اہداف حاصل کرنے کی سمت تیزی سے پیش رفت کر رہے ہیں۔
علی خامنہ ای کی موت پر چین کا ردعمل
ایران کی خود مختاری اور سلامتی کی سنگین خلاف ورزی
بیجنگ، یکم مارچ (یو این آئی) چین نے ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے قتل کو ایران کی خود مختاری اور سلامتی کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے قتل پر ردعمل دیا اور اس اقدام کی سختی سے مخالفت اور شدید مذمت کی۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ علی خامنہ ای کا قتل ایران کی خود مختاری اور سلامتی کی سنگین خلاف ورزی ہے ، یہ اقدام یو این منشور اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی ضوابط کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشیدگی میں کمی کے لیے فوجی کارروائیاں فوری طور پر روکی جائیں۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ مشرقِ وسطیٰ اور پوری دنیا میں امن اور استحکام برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی جائیں۔ایران پر امریکہ اور اسرائیل کا مشترکہ حملہ پورے مشرق وسطی کیلئے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔