ایران پر حملہ خودمختاری اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی

   

سفارتی کوششوں سے قیام امن کی ضرورت، امیر جماعت اسلامی سعادت اللہ حسینی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 8 مارچ (سیاست نیوز) امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فوجی کارروائی دراصل قومی خودمختاری اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر سلیم انجینئر کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جنوبی ایران میں گلز اسکول پر کئے گئے فضائی حملے میں 160 سے زائد طالبات جاں بحق ہوئے ہیں۔ اس واقعہ نے دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑ کر رکھ دیا ہے اور فوجی حملوں نے شہریوں کے تحفظ کو خطرہ میں ڈال دیا ہے۔ موجودہ کشیدگی کو کسی بھی صورت میں وسیع علاقائی جنگ میں تبدیل کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے بچایا جائے تاکہ مسلم دنیا تقسیم نہ ہو۔ علاقہ کو طویل اور تباہ کن جنگ سے بچانے کے لئے سفارتکاری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کے وقار، تحفظ اور معاشی مشکلات کم کرنے کے لئے اقدامات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی مختلف شعبہ جات میں کامیابیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لئے جدوجہد کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق 2022 میں ہندوستان میں خواتین کے خلاف جرائم کے 4.45 لاکھ مقدمات درج کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف انداز سے خواتین پر مظالم اور ہراسانی کے واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے۔ ہر سال ہندوستان میں لاکھوں خواتین اور لڑکیوں کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کی جاتی ہے۔ ان میں سے بڑی تعداد کا کوئی پتہ نہیں چلتا۔ 1