ایران پر حملہ کرنے والا ملک اصل میدان جنگ بن جائیگا

   

Ferty9 Clinic

تہران امریکی ٹکنالوجی کے تسلط کو شکست دے چکا ہے: کمانڈر پاسداران انقلاب
تہران۔/21 ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) اسلامی جمہوریہ ایران کے پاسداران انقلاب نے دھمکی دی ہے کہ ایران پر حملہ کرنے والا کوئی بھی ملک اصل میدان جنگ میں تبدیل کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں آرامکو کی دو تیل تنصیبات پر یمن کے حوثی باغیوں کے ڈرون حملے اور اس سے ہونے والی بڑے پیمانے پر تباہی کے بعد سعودی عرب نے ان حملوں کیلئے ایران کو مورد الزام ٹہرایا تھا اور اس مسئلہ پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان امریکہ نے خلیج کیلئے مزید فوجی کمک روانہ کرنے کا حکم جاری کردیا جس کے ساتھ ہی دو دیرینہ دشمن ممالک ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں مزید شدت پیدا ہوگئی ہے۔ سعوی عرب کی سب سے بڑی تیل ریفائنری آرامکو کے عبقیق اور قریص چشموں پر یمن کے حوثی باغیوں نے بڑے پیمانے پر ڈرون حملہ کیا تھا۔ یہ دونوں چشموں سے سعودی عرب کی مجموعی تیل پیداوار کا نصف حصہ حاصل ہوتا ہے۔ حملوں کے بعد حوثیوں نے اگرچہ ذمہ داری قبول کی تھی لیکن امریکہ نے اپنے طور پر یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ حملہ میں استعمال شدہ کروز مزائیلس ایران کی طرف سے آئے تھے جو’ جنگ کے مترادف ہیں ‘۔ واشنگٹن نے مملکت سعودی عرب کی درخواست پر اپنے سپاہیوں کی تعیناتی کو منظوری دی ہے۔ وزیر دفاع مارک اسپرک نے کہا کہ امریکی فورسیس ’ دفاعی نوعیت ‘ کے ہوں گے اور فضائی اور مزائیل دفاعی نظام پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے اور نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ سلامی نے دھمکی آمیز لب ولہجہ اختیار کرتے ہوئے تہران میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ ’’ جو کوئی بھی چاہتا ہے کہ اس کی سرزمین اصل میدانِ جنگ بن جائے وہ اپنے منصوبہ پر آگے بڑھ سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے بقول اُن کے امریکہ کی طرف سے ماضی میں کی گئی غلطیوں کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ ’’ ہم کسی بھی جنگ کو ایرانی علاقہ پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ وہ حکمت عملی کی کوئی فاش غلطی نہیں کریں گے۔‘‘ سلامی، تہران کی اسلامی انقلابی و مقدس دفاعی میوزیم میں ایک نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ اس نمائش میں بعض ڈرونس بھی رکھے گئے ہیں اس کے بارے میں ایران کا کہنا ہے کہ یہ ڈرونس اس کے علاقہ پر ضبط کئے گئے ہیں جو امریکہ کے ہیں۔ اس مقام پر بعض انتہائی تباہ شدہ حالت میں چند ڈرونس پڑے دیکھے گئے جن پر امریکہ کے فوجی نشان ہیں۔ سلامی نے سوال کیا کہ ’’ آپ ( امریکہ ) کے ڈرونس ہمارے فضائی حدود میں کیاکررہے ہیں ؟ ہم انہیں شوٹ کرتے ہوئے زمین پر گرائیں گے۔ ہر اس چیز کو شوٹ کردیا جائے گا جو ہمارے فضائی حدود پر قابض ہوتی نظر آئے گی۔‘‘ سلامی نے کہا کہ ایران نے فضائی دفاع اور ڈرون کی تیاری کے شعبوں میں امریکی ٹکنالوجی کے تسلط کو شکست دے دی ہے۔