واشنگٹن: امریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔ نئے اقدام کے تحت امریکہ نے ایک ادارے اور اس کے سربراہ کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ امریکی وزارت خزانہ کے ایک بیان کے مطابق شہید میثمی گروپ اور اس کے ڈائریکٹر کے خلاف پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کا الزام ہے کہ یہ گروپ ایران کے کیمیائی ہتھیاروں کی تحقیق کی سرگرمیوں میں ملوث رہنے کے ساتھ ساتھ امریکہ کی جانب سے پہلے سے ہی بلیک لسٹ ایرانی تنظیم برائے دفاعی ترقی سے بھی وابستہ رہا ہے۔ چند روز قبل ہی قتل کیے گئے ایرانی نیوکلیئر سائنس داں محسن فخری زادہ اسی تنظیم کے سربراہ تھے۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے اپنی مدت کار کے اختتام سے ایک ماہ قبل جمعرات 3 دسمبر کو ایران پر ان نئی پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔