ایران: پیٹرو کیمیکل سے زہریلی گیس کا اخراج، 70 متاثر

,

   

تہران : ایرانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ عرب اکثریتی صوبے اھواز کے جنوبی شہر معشور میں کارون پیٹرو کیمیکل کمپلیکس سے زہریلی کلورین گیس کے اخراج سے کمپلیکس میں کام کرنے والے 70 کارکن متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں سے بعض کو موقعے فوری طبی امداد فراہم کی گئی ہے جب کہ بعض اسپتالوں میں طبی امداد کے لیے جایا گیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بھیجے گئے ایک ویڈیو کلپ میں پیٹرو کیمیکل کمپلیکس اسپتال کے کمروں اور راہداریوں میں موجود درجنوں کارکن دکھائے گئے، جن کو ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔پیٹرو کیمیکل اکنامک زون کی ہنگامی کمیٹی کے ترجمان محسن ادیبی نے ایرانی میڈیا کو بتایا کارون پیٹرو کیمیکل کمپلیکس سے کلورین گیس کے اخراج کے بعد ریسکیو اور آگ بجھانے والے یونٹ متاثرہ مقام کی جانب روانہ کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کلورین گیس کے اخراج سے درجنوں ملازمین کو سانس لینے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہیں فوری طورپر اسپتالوں میں بھیجا گیا ہے۔ادیبی کے مطابق، پیٹرو کیمیکل اسٹورز میں گیس ذخیرہ کرنے کے عمل کے دوران کلورین آئسوٹینک گیس لیک ہوئی تاہم اب اس پر قابو پا لیا گیا ہے۔خیال رہے کہ ایران میں دس روز میں یہ اپنی نوعیت کا چھٹا “پراسرار” واقعہ ہے۔ اس سے قبل تہران کے مشرق میں خجیر ائیر بیس کو 26 جون کو ایک بڑے دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ شیراز پاور اسٹیشن پر اسی روز اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔30 جون کو تہران کے شمال میں میڈیکل سینٹر میں ہونے والے ایک دھماکے میں 19 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔2 جولائی کو نطنز جوہری مرکز میں بڑے پیمانے پر دھماکے ہوئے جس کی وجہ سے یورینیم کی افزودگی کے لیے ایک سنٹری فیوج سائٹ پر آگ لگ گئی۔