ایران کا ایک میزائل امریکی ایئربیس تک پہنچ گیا:قطر

   

دوحہ، 24 جون (یو این آئی) قطر کی وزارت دفاع نے پیر کو بتایا کہ قطر کے فضائی دفاعی نظام نے العدید ایئر بیس کو نشانہ بناکر داغے گئے 19 میں سے 18 ایرانی بیلسٹک میزائلوں کو روک دیا۔قطرامریکی فوج کی میزبانی کرتا ہے ۔ ایک میزائل بیس کے اندر گرا، لیکن اس سے جانی یا مادی نقصان نہیں ہوا۔ڈپٹی چیف آف جوائنٹ آپریشنز شیخ الہاجری نے ایک پریس کانفرنس میں تصدیق کی کہ میزائلوں کو دو الگ الگ لہروں میں لانچ کیا گیا تھا۔ قطری فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد روکے گئے میزائلوں کو سمندر کے اوپر تباہ کردیاگیا۔الہاجری نے کہا، “ہمیں دن کے اوائل میں خفیہ معلومات موصول ہوئی تھی، جس میں العدید سمیت متعدد علاقائی فوجی تنصیبات کو خطرات کی نشاندہی کی گئی تھی۔” انہوں نے قطر کی فوجی تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کی صلاحیتیں “اس سے کہیں زیادہ ہیں جس کا مظاہرہ کیا گیا ہے ۔”اس حملے کے نتیجے میں تمام فضائی ٹریفک کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔ قطر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بعد میں پروازوں کی مکمل بحالی کا اعلان کرتے ہوئے ہوا بازی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی تعریف کی۔وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے بعد میں ایک بریفنگ میں کہا کہ قطر ایک “مضبوط اور ذہین” سفارتی ردعمل پر غور کر رہا ہے ۔ انہوں نے علاقائی تنازعات میں ثالثی کے لیے دوحہ کی اہم سفارتی کوششوں کے پیش نظر اس حملے کو “حیران کن” قرار دیا۔الانصاری نے تصدیق کی کہ ایران نے سفارتی چینلز کے ذریعہ امریکہ اور قطر دونوں کو حملے کی پیشگی اطلاع دے دی تھی۔ انہوں نے تصدیق کی کہ یہ واقعہ قطر کو اس کے جاری ثالثی کے کردار سے باز نہیں کرسکے گا۔

ٹرمپ کی قطر میں امریکی فوجی اڈہ پر ایرانی حملہ کی تصدیق
نیویارک، 24 جون (یواین آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کو تصدیق کی ہے کہ ایران نے قطر میں ایک امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملہ کیا ہے ۔ٹرمپ نے اس حملے کو کمزور ردعمل قرار دیا اور کہا کہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ کے برابر نقصان ہوا۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بتایا کہ ایران نے 14 میزائل داغے جن میں سے 13 کو مار گرایا گیا۔ ایک میزائل کو اس لئے نہیں روکا گیا کیونکہ اس میزائل سے کوئی خطرہ نہیں تھا۔انہوں نے بتایا کہ ایران نے حملے کی پیشگی اطلاع دی تھی جس سے امریکی فوجیوں کی جانیں بچ گئیں۔ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل سے خطے میں امن برقرار رکھنے کی اپیل کی اور علاقائی استحکام میں کردار ادا کرنے پر قطر کے امیر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے میں کوئی قطری شہری زخمی نہیں ہوا۔قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہا کہ ایرانی میزائلوں کو دارالحکومت دوحہ میں روکا گیا۔ حملے میں امریکی ایئربیس العدید کو نشانہ بنایا گیا تھا، جسے پہلے ہی خالی کرا لیا گیا تھا۔ایران کے اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آرجی سی) نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ انہوں نے اسے ‘‘فتح کا اعلان’’ کا نام دیا اور کہا کہ قطر اور عراق میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے کہا کہ ان کا مقصد قطر سے دشمنی نہیں تھی اور یہ حملہ شہروں سے دور کیا گیا تاکہ شہریوں کو کوئی خطرہ نہ ہو۔