تہران : ایران نے ملک کا تیسرا فوجی امیجنگ سیٹلائٹ، جسے “نور-3” کا نام دیا گیا خلا میں روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے اپنے پیغام میں ایران کے وزیر برائے مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی عیسیٰ زری پور نے کہا کہ پاسداران انقلاب کی آرمی ایرو اسپیس فورسز کی جانب سے تیار کردہ ملٹری امیجنگ سیٹلائٹ کو “قاصد” (میسنجر) نامی سیٹلائٹ کیریئر راکٹ کے ذریعہ لانچ کیا گیا۔ایرانی وزیر نے کہا کہ “نور-3” نامی سیٹلائٹ کو زمین سے 450 کلومیٹر کے فاصلے پر مدار میں بھیجنے کا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے۔ایران، جس نے فروری 2009 میں اپنا پہلا مقامی طور پر تیار کردہ سیٹلائٹ خلا میں بھیجا، اپریل 2020 میں “نور-1” نامی اپنا پہلا فوجی سیٹلائٹ لانچ کیا۔ مارچ 2022 میں، ایران نے اعلان کیا کہ اس نے “نور-2” کو 500 کلومیٹر کے فاصلے پر مدار روانہ کیا ہے۔امریکہ اور اس کے مغربی اتحادیوں کا کہنا ہے کہ ایران کی بیلسٹک میزائل سرگرمیاں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (UNSC) کی قرارداد 2231 کے خلاف ہیں۔