ماسکو، 29اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایران کا تیل ٹینکر آدریان داریہ جسے گریس کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ، حال ہی میں جبرالٹر سے چھوڑ دیئے جانے کے بعد جمعرات کو ترکی کی آبی سرحد میں داخل ہوگیا اور اب ترکی کی مریسن بندرگاہ کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ٹینکر کو بندرگاہ پہنچنے پر خالی کروایا جائے گا۔ اس سے پہلے آدریان داریہ تیل ٹنکر کو یوروپی یونین کے ذریعہ شام پر عائد کی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی کے الزام میں 4 جولائی کو ضبط کرکے 15اگست کو چھوڑ دیا گیا تھا۔ بعدازاں جبرالٹر کی طرف سے کہا گیا کہ ایران نے اسے یقین دلایا ہے کہ وہ مستقبل قریب میں شام کی طرف اپنا مال بردار جہاز نہیں بھیجے گا۔ 19اگست کو مغربی ایشیائی ممالک نے تصدیق کی کہ تیل ٹینکر جبرالٹر سے نکل چکا ہے ۔
