ایران کا حد سے تجاوز :آسٹریلیا

   

کینبرا، 27 اگست (یو این آئی) آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے کہا ہے کہ تہران، آسٹریلیا میں یہود مخالف حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کرکے “اپنی حد سے تجاوز کر رہا ہے “۔ چہارشنبہ کے روز اے بی سی ریڈیو کے لئے جاری کردہ بیان میں پینی وونگ نے کہا ہے کہ آسٹریلیا حکومت کا ایرانی سفیر کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ درست ہے اور ایک طویل تحقیق کے بعد کیا گیا ہے ۔ پینی نے کہا ہے کہ “یقیناً، ہم نے ایران کے وزیر خارجہ کے بیانات دیکھے ہیں اور ہم انہیں مسترد کرتے ہیں”۔

سری لنکا میںاسکول وین حادثہ کا شکار
کولمبو، 27 اگست (یو این آئی) سری لنکا کے شمال مغربی صوبے کے کولیاپیٹیا علاقے میں آج ایک اسکول وین ٹپر ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوگئے ۔ان میں اسکول کے دو طلبہ بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق حادثہ میں زخمی ہونے والے 13 افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ مقامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ مرنے والوں میں وین کا ڈرائیور بھی شامل ہے ۔پولیس نے بتایا کہ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ سری لنکا میں سڑک حادثات عام ہیں۔ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں ملک میں 2,403 جان لیوا سڑک حادثات میں 2,541 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔