تہران، 6 مارچ (یو این آئی) پاسداران انقلاب نے کلسٹر بموں سے لیس خیبر شکن میزائلوں سے تل ابیب پر حملہ کردیا۔ روسی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر ایک ساتھ درجنوں ڈرونز اور میزائلوں سے حملہ کیا ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان حملوں میں کتنا جانی یا مالی نقصان ہوا ہے ۔ روسی میڈیا کے مطابق تل ابیب کی فضائی صورت حال براہ راست دکھانے والے کیمرے کو عین اس وقت نیچے کرکے سڑک کی جانب کردیا گیا تاکہ فضاؤں میں ایرانی میزائل داخل ہوتے نہ دیکھے جاسکے ۔ حملے کے وقت تل ابیب میں سائرن بھی نہیں بجائے گئے ۔ ادھر ایرانی ڈرونز نے خلیج عمان میں امریکی طیارہ بردارجہاز ابراہام لنکن پر بھی حملہ کردیا۔ روسی میڈیا کے مطابق ایرانی حملے کے بعد امریکی طیارہ بردار جہاز خلیج سے دور چلا گیا۔ بحرین کے دارالحکومت منامہ کے 2 ہوٹل اوررہائشی عمارت بھی ڈرون کا نشانہ بنے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایران کا بحرین میں اسرائیلی سفارتخانہ پر حملہ
تہران، 6 مارچ (یو این آئی) ایران کی جانب سے بحرین میں اسرائیلی سفارتخانہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ سامنے آرہا ہے ۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ بحرین میں رات گئے حملوں میں شہرکے فنانشیل ہاربر ٹاورز، کمرشل کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا۔ کمپلیکس پر حملہ کیا گیا کیونکہ یہ شہر میں اسرائیلی سفارتخانے کا مقام تھا۔ ایرانی ڈرونز کو کمپلیکس کے قریب تباہ کر دیا گیا۔ دوسری جانب ترجمان پاسداران انقلاب بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی کا کہنا ہے کہ ایران طویل جنگ کے لیے تیار ہے ۔ ترجمان پاسداران انقلاب بریگیڈیئر جنرل علی محمد نائینی نے کہا کہ ایران نئی قسم کے اسٹریٹجک ہتھیار متعارف کرانے والاہے جو ابھی تک جنگ میں استعمال ہی نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جو حملے کیے گئے وہ ایران کی اصل صلاحیت کا صرف ایک حصہ تھے ۔
حزب اللہ کے اسرائیلی فوجی مقامات پر حملے
بیروت، 6 مارچ (یو این آئی) حزب اللہ نے لبنان بھر میں جاری اسرائیلی حملوں کے جواب میں آج بروز جمعرات اسرائیل کے شمال میں فوجی مقامات پر راکٹ فائر کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ لبنانی گروپ نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ حزب اللہ کے عسکریت پسندوں نے جلیلہ کے مختلف علاقوں میں راکٹوں کی بارش کے ذریعے اہداف کو نشانہ بنایا ہے ۔ یہ حملے بیروت کے جنوبی مضافات سمیت درجنوں لبنانی شہروں اور قصبوں کے خلاف مجرمانہ اسرائیلی جارحیت کا جواب تھے۔ اس سے پہلے ، لبنان وزارتِ صحت اور مقامی میڈیا نے جمعرات کو شمالی اور جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 12 افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان سرحد پار حملے پیر کے دن سے تیز ہو گئے ہیں۔
حملے ایران کے خلاف امریکی۔اسرائیلی جنگ شروع ہونے کے بعد کئے گئے ہیں۔ ایران پر حملوں میں ہفتے سے اب تک رہبرِ اعلیٰ علی خامنہ ای اور سینئر عسکری حکام سمیت 900 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔لبنانی حکام کے مطابق، پیر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 72 افراد ہلاک اور تقریباً 450 زخمی ہو چکے ہیں۔ نومبر 2024 میں حزب اللہ کے ساتھ ہونے والے ایک جنگ بندی معاہدے کے باوجود، اسرائیل تقریباً روزانہ حملے کر رہا ہے ، جن میں سیکڑوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔ اسرائیل نے اکتوبر 2023 میں لبنان کے خلاف اپنی کارروائی شروع کی اور ستمبر 2024 میں اسے مکمل پیمانے پر جنگ میں تبدیل کر دیا۔ جنگ کے نتیجے میں 4,000 سے زیادہ افراد ہلاک اور تقریباً 17,000 زخمی ہوچُکے ہیں۔