قطر ی فضائی حدود غیر معینہ مدت کیلئے بند‘اسکولوں کو چھٹی کا اعلان‘سعودی عرب کے اڈے پر بھی سائرن بج اٹھے
تہران ۔23؍جون ( ایجنسیز) ایران نے پیر کو قطر اور عراق میں امریکی اڈوں پر 10 میزائل داغے جبکہ دوحہ کے اوپر مزید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اس خبر کے بریک ہونے سے کچھ دیر پہلے، قطر نے ہفتے کی رات ایرانی جوہری تنصیبات پر ٹرمپ کے آپریشن مڈ نائٹ ہیمر کے بعد امریکہ کے خلاف ایرانی انتقامی کارروائیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے درمیان اپنی فضائی حدود بند کر دی تھی۔ روئٹرز نے ایک مغربی سفارت کار کے حوالے سے مزید بتایا کہ قطر میں امریکی زیر انتظام العدید ایئر بیس کے خلاف ایک قابل اعتماد خطرہ ہے۔متعلقہ خدشات کے پیش نظر، امریکہ نے اپنی افواج کے خلاف ایرانی جوابی کارروائی کے خطرے کا اندازہ لگایا جو کہ اگلے ایک یا دو دن میں سامنے آسکتا ہے لیکن وہ سفارتی حل کیلئے پرعزم ہے۔ایران نے اپنی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے جواب میں قطر اور عراق کے امریکی فوجی اڈوں پر حملہ کردیا ہے۔ میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے قطر کے العدید ائیر بیس پر بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کے خلاف آپریشن کا نام ‘بشارت فتح’ رکھا ہے۔میڈیاکے مطابق قطر ی دارالحکومت دوحہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ایران کی جانب سے قطر کی جانب 6 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے ہیں۔سعودی عرب میں بھی امریکی بیسز پر سائرن بجنا شروع ہوگئے ہیں۔دریں اثنا، اسرائیل کے وزیر دفاع نے پیر کو اعلان کیا کہ فوج ایرانی دارالحکومت پر حملوں کی ایک نئی لہر کے حصے کے طور پر تہران کی بدنام زمانہ ایون جیل کو نشانہ بنا رہی ہے۔ کاٹز نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ فوج وسطی تہران میں حکومتی اداروں اور جبر کے آلات کے خلاف غیر معمولی شدت کے حملے کر رہی ہے۔ اہداف میں سے ایک ایون جیل ہے، جس میں سیاسی قیدیوں اور مخالفین کے ساتھ ساتھ حکومت سے منسلک دیگر مقامات ہیں۔قطر نے ایران اسرائیل جنگ اور امریکی حملوں کے باعث پیدا ہونے والی علاقائی کشیدگی کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا کے مطابق قطر نے فوری طور پر اپنی فضائی حدود کو غیر معینہ مدت تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔علاوہ ازیں قطر نے شہریوں کی زندگیوں کی حفاظت کے لیے اسکولوں میں چھٹی کا بھی اعلان کیا ہے اور شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران نے امریکی حملوں کے جواب میں دوبارہ دھمکی دی ہے کہ وہ اپنی جوہری تنصیبات پر کیے گئے حملوں کا بھرپور جواب دے گا۔یاد رہے کہ اس سے قبل قطر میں قائم امریکی اور برطانوی سفارتخانوں نے اپنے شہریوں کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ فی الحال گھروں میں مقیم رہیں اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔قطری حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور آئندہ اقدامات کا فیصلہ حالات کے مطابق کیا جائے گا۔دوسری جانب ایک مغربی سفارتکار نے رائٹرز سے گفتگو میں انکشاف کیا ہے کہ ایران نے قطر میں واقع امریکی فوجی اڈّے العدید پر حملے کی دھمکی دی تھی۔یاد رہے کہ العدید ایئر بیس مشرق وسطیٰ میں امریکہ کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے، جہاں تقریباً 10,000 امریکی فوجی تعینات ہیں۔اس اڈے کو خطے میں امریکی عسکری کارروائیوں کا اہم مرکز تصور کیا جاتا ہے۔یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران نے امریکہ کی جانب سے اس کی جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد شدید ردعمل کی دھمکیاں دی ہیں۔