نیویارک : تازہ ترین سیٹ لائٹ تصاویر میں انکشاف ہوا ہے کہ ایران کی جانب سے مدار میں مصنوعی سیارے بھیجنے کا ایک اور راکٹ تجربہ ناکام ہو گیا ہے۔خبر رساں ایجنسی AP کے مطابق جاری سیٹلائٹ تصاویر میں اتوار کے روز ایران کے دیہی علاقے سمان میں واقع امام خمینی خلائی بندرگاہ کے نزدیک راکٹ لانچنگ پیڈ پر آگ کے شعلوں کی علامات سامنے آئیں۔ علاوہ ازیں راکٹ کے تباہ شدہ پل بھی واضح ہو رہے ہیں۔ عام طور پر کامیاب تجربات کے نتیجے میں راکٹوں کے پل تباہ نہیں ہوتے۔ اس لیے کہ پلوں کو راکٹ کی روانگی سے قبل اتار لیا جاتا ہے۔مزید یہ کہ ایران کا یہ طریقہ رہا ہے کہ وہ کامیاب تجربات کا تو سرکاری ٹی وی پر پرچار کرتا ہے مگر ناکام کوششوں کا اعتراف نہیں کرتا۔جاری تصاویر سے غالب گمان ہوتا ہے کہ راکٹ بھیجنے کی ناکام کوشش جمعے کے روز کے بعد کسی وقت کی گئی۔گذشتہ دہائی کے دوران میں ایران کے خلائی پروگرام کے سلسلے میں راکٹ بھیجنے کی مسلسل پانچ ناکام کوششیں واقع ہوئیں۔فروری 2019میں اسی نوعیت کی ایک ناکام کوشش میں تین محققین ہلاک ہو گئے تھے۔ایرانی پاسداران انقلاب نے اپریل 2020 میں مدار میں سیٹ لائٹ بھیجنے کا کامیاب تجربہ کر کے اپنے خفیہ خلائی پروگرام کا انکشاف کیا تھا۔ امریکا کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے سیٹ لائٹ بھیجنا اقوام متحدہ کے زیر انتظام سلامتی کونسل کی قرار داد کو کھلا چیلنج ہے