تہران : ایران کے پاسداران انقلاب نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے نئے میزائل کی تیاری کا اعلان کیا ہے جس کی رینج کے بارے میں دعویٰ کرتے ہوئے ایران نے کہا ہے کہ یہ اسرائیل تک پہنچ سکتا۔ اس میزائل کا نام ساتویں صدی میں رسول ﷺکی فتح والی جنگ کے نام پر ’خیبر شکن‘ رکھا گیا ہے۔ ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف محمد باقری نے اس میزائل کو ایک اسٹریٹجک اثاثے کے طور لمبے فاصلے تک مار کرنے والا میزائل قرار دیا۔ میزائل کی رینج ایک ہزار 450 کلو میٹر ہے، یہ ٹھوس ایندھن سے چلتا ہے اور میزائل شکن نظام کے اندر بھی گھسنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل کو پاسداران انقلاب کی فضائیہ کے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل بیس کے دورے کے دوران منظر عام پر لایا گیا، اس موقع پر ایرو اسپیس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ بھی موجود تھے۔ اس میزائل کی صلاحیت اور انتہائی رفتار اسے ایک ہزار 450 کلومیٹر کے دائرے کے اندر موجود اہداف تک پہنچنے کی اجازت دیتی ہے۔ ایران کے پاس مشرق وسطیٰ میں میزائلوں کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے۔ ایران نے 24 دسمبر 2021 کو اپنی فوجی مشقوں کو 16 بیلسٹک میزائل فائر کرنے کے ساتھ ختم کیا تھا۔