ایران کو اربوں کا تاوان دینا بزدلی ہے: ریپبلکنز

   

تہران : ایران نے آج چار امریکیوں کو جیل سے رہا کیا اور انہیں گھر میں نظر بند کر دیا، ان میں سے ایک کے اہل خانہ کے مطابق اس سے یہ امید پیدا ہوگئی ہے کہ کوئی معاہدہ طے پا جائے اور وہ ملک چھوڑ سکیں گے۔یہ پیشرفت اس معاہدے پر واشنگٹن میں بڑے پیمانے پر تنقید کے درمیان سامنے آئی ہے۔ خاص طور پر ریپبلکن پارٹی کے رہنماؤں نے اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ریپبلکن سینیٹر ٹام کاٹن نے کہا کہ جبکہ ہم ہمیشہ امریکی یرغمالیوں کی رہائی کا خیرمقدم کرتے ہیں – لیکن اگر وہ حقیقت میں صدر بائیڈن کی جانب سے 6 بلین ڈالر کی ادائیگی کے بعد رہا کیے گئے ہیں تو ایران کو اربوں کا تاوان دینا بزدلانہ فعل ہے۔’’یہ خوشامد ایرانی حکمرانوں کو صرف مزید یرغمال بنانے اور اس سے ناجائز فوائد اٹھانے پر ابھارے گی۔ اس سے ایران کو ہمارے ملک پر حملہ کرنے، دہشت گردی کو فنڈ دینے اور روس کا بازو بننے کا حوصلہ ملے گا۔ یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک صدر بائیڈن ایران کی دھنوں پر ناچنا بند نہیں کر دیتے اور فیصلہ کن جواب دینا شروع کر دیتے۔‘‘