ایران کو اعتماد بحال کرنا ہوگا، جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیے ، قطری وزیراعظم کا بیان

   

دوحہ، 20 مارچ (یو این آئی) قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کا کہنا ہے کہ ایران کو کھویا ہوا اعتماد بحال کرنا ہوگا، جنگ فوری طور پر بند ہونی چاہیے ۔ تفصیلات کے مطابق قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے ایران کی جانب سے حالیہ فوجی کارروائیوں اور دھمکیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں سے علاقائی اعتماد کو شدید جھٹکہ لگا ہے ۔ ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے ایران پر زور دیا کہ وہ تنازع کو مزید پھیلانے سے گریز کرے ۔ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنا کھویا ہوا اعتماد بحال کرنا ہوگا اور جنگ کا فوری خاتمہ ناگزیر ہے ، بصورتِ دیگر پورے خطے کا استحکام خطرے میں پڑ جائے گا۔ قطر نے راس لفان پلانٹ پر حملے کو ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ توانائی کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، جس کے اثرات نہ صرف قطر بلکہ دنیا بھر کے لاکھوں افراد کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بننے کے ایرانی دعوؤں کو قطر نے “ناقابلِ قبول اور بلاجواز” قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ قطری وزیراعظم نے واضح کیا کہ وہ ایرانی عوام کے ساتھ امن سے رہنا چاہتے ہیں اور خطے میں استحکام کی بحالی کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں۔
دوسری جانب ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان نے بھی ایران کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ایران مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کو پھیلانے سے گریز کرے ۔ ہمسایہ ممالک پر حملے کسی صورت قبول نہیں کیے جائیں گے ۔ خاقان فیدان نے جہاں جاری جنگ کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا، وہی یہ بھی واضح کیا کہ ایران پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے ہمسایوں کو نشانہ نہ بنائے اور کشیدگی میں کمی لائے ۔ قطر اور ترکیہ کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ وہ تمام فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ خطے کو ایک بڑی تباہی سے بچایا جا سکے ۔