تہران ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے جمعرات کو ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے نیوکلیئر نگرانکار اپنے نئے سربراہ کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں غیرجانبدارانہ طور پر نبھائیں گے اور یہ عہد بھی کیا نیوکلیئر انسپکٹرس جو 2015ء کے تاریخی نیوکلیئر معاہدہ کی نگرانی کررہے ہیں، ان کے ساتھ پورا پورا تعاون کیا جائے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ ارجنٹینا کے رافیل گروسی نے آئی اے ای اے کے سربراہ کی ذمہ داری سنبھالی ہے جبکہ ان کے پیشرو یوکیا امانو جن کا تعلق جاپان سے ہے، جولائی میں انتقال کر گئے تھے۔ اقوام متحدہ کی اس ایجنسی کی یہ خصوصی ذمہ داری ہیکہ وہ 2015ء میں دیگر بڑے ممالک کے ساتھ کئے گئے معاہدہ کے مطابق کی جارہی سرگرمیوں کی نگرانی کرے تاہم گذشتہ سال اس معاہدہ سے امریکہ کے باہر نکل جانے کے بعد اس کی افادیت شدید طور پر متاثر ہوئی تھی۔ ایران کو توقع ہیکہ گروسی کے اس عہدہ پر آنے کے بعد آئی اے ای اے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں غیرجانبدارانہ اور پیشہ وارانہ طور پر ادا کرے گی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے یہ بات بتائی اور یہ بھی کہا کہ ایران آئی اے ای اے کے ساتھ اپنے روابط اور تعاون کو انتہائی احترام اور جذبہ خیرسگالی کے ساتھ وسعت دینا چاہتا ہے۔