ایران کیخلاف امریکی حملہ میں برطانیہ شامل نہیں ہو گا : ہنٹ

   

Ferty9 Clinic

ماسکو ،2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے ایران کے خلاف امریکی حملہ میں برطانیہ کے شامل ہونے کے کسی بھی امکان کو مستردکر دیا ہے ۔مسٹر ہنٹ نے پیر کو اسکائی نیوز سے کہا‘‘میں ایسی کسی بھی حالات کا تصور تک نہیں کر سکتا، جب ہم اس کا (ایران کے خلاف امریکی حملوں) حصہ ہوں گے کیونکہ ہم نے بین الاقوامی نیوکلیئر معاہدے اور امریکہ کی جانب سے عائد پابندیوں پر ایک مختلف موقف اختیار کیا ہے ’’۔اس سے پہلے پیر کو بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے ) کے ڈائرکٹر جنرل یوکیا امانو نے ایران کے 300 کلو گرام کی افزودہ یورینیم کی حد پار کرنے کی تصدیق کی تھی۔قابل غورہے کہ خلیج عمان میں کچھ دنوں پہلے آبنائے ہرمز کے قریب دو تیل ٹینکروں- آلٹیئر اور کوککا کریئجیس میں دھماکہ کے واقعہ اور ایران کی طرف سے امریکہ کے خفیہ ڈرون طیارے کو مار گرانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچ گئی ہے ۔ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر برطانیہ اور نیوکلیئر معاہدے میں شامل دیگر ممالک اسے امریکی پابندیوں سے نہیں بچاتے ہیں تو وہ اپنی یورینیم افزودگی کو مزید بڑھائے گا۔

بنگلہ دیش کے سابق صدر
حسین محمد ارشاد کی حالت نازک
ڈھاکہ ۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے سابق صدر حسین محمد ارشاد کی حالت بگڑنے پر انہیں مصنوعی عمل تنفس پر رکھا گیا ہے۔ ملک کے وزیرصحت زاہد ملک نے یہ بات بتائی۔ 89 سالہ قائد گذشتہ کچھ عرصہ سے جگر کے عارضہ میں مبتلاء ہیں۔ انہیں 22 جون کو ڈھاکہ کے کمبائنڈ ملٹری ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا۔ ہاسپٹل میں سابق صدر کی عیادت کے بعد زاہد ملک نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ارشاد صاحب کی حالت اس وقت بیحد تشویشناک ہے۔ یاد رہیکہ حسین محمد ارشاد بنگلہ دیش کی سیاسی جماعت جاتیہ پارٹی کے صدرنشین ہیں۔

نائیجیریا کے پولیس اسٹیشن پر حملہ
چار پولیس اہلکار ہلاک
ابوجا ،2جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نائیجیریا کے جنوبی صوبہ بائیلسا میں ایک پولیس ا سٹیشن پر پیر کو کچھ نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا جس میں پولیس کے ایک اعلی افسر سمیت چار پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ مقامی پولیس کے ترجمان اسنمت بتسوات کے مطابق پیر کی صبح کچھ نامعلوم مسلح افراد اگوڈاما-اکپیٹیامہ علاقے میں ایک پولیس اسٹیشن میں اچانک گھسے اور حملہ کر دیا۔ایک سیکورٹی ذرائع کے مطابق اس حملے میں کوئی بھی شہری ہلاک نہیں ہوا ہے ،اور پولیس اسٹیشن میں کسی بھی شخص کو حراست میں نہیں رکھاگیا تھا۔ذرائع کے مطابق حملہ آور پولیس اسٹیشن سے کئی رائفلیں، کارتوس اور پولیس کی وردی بھی لے کر فرار ہوگئے ۔پولیس ہیڈکوارٹر کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق آئی جی محمد ادامو نے حملہ آوروں کی تلاش کے لئے تحقیقات کا حکم دیا ہے۔