ایران کیخلاف مہم ابھی شروع ہوئی ہے: امریکی وزیر دفاع

   

واشنگٹن ۔ 9 مارچ (ایجنسیز) امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کی ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں ابھی شروع ہوئی ہیں، انہیں ختم ہونے میں وقت لگے گا۔ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے دوسرے ہفتہ بھی جاری ہیں۔ ایک انٹرویو کے دوران پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ ایران کی علاقائی طاقت مسلسل کمزور ہو رہی ہے اور مزید کم ہوتی رہے گی، یہ تو ابھی بس شروعات ہیں۔ واضح رہے کہ پنٹگان کے مطابق تقریباً 50 ہزار امریکی فوجی آپریشن ایپک فیوری میں حصہ لے رہے ہیں اور امریکی فوج نے جمعے تک ایران میں تقریباً 3 ہزار اہداف پر حملے کیے ہیں۔ امریکی وزیرِ دفاع نے کہا ہے کہ مہم منصوبہ کے مطابق جاری ہے، ہمارے اور اسرائیلی فضائیہ کے مجموعی فوجی وسائل ایران سے کہیں زیادہ ہیں، جب ہماری فضائیہ کو اسرائیل کی فضائیہ کے ساتھ ملا دیا جائے تو یہ دنیا کی دو سب سے طاقتور فضائی افواج ہیں۔