تہران۔ 31مئی (یو این آئی) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ نیوکلیر ہتھیار نہ رکھنے کے معاملے پر امریکہ سے متفق ہیں۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایک بار پھر نیوکلیر ہتھیاروں کے حوالے سے تہران کا موقف دہرایا ہے ، اُن کا کہنا تھا کہ نیوکلیر ہتھیاروں کو ایران بھی ناقابل قبول سمجھتا ہے ،نیوکلیر ہتھیار نہ رکھنے کے معاملے پر امریکہ سے متفق ہیں۔ واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ عراقی امریکہ کے ساتھ نیوکلیر ہتھیاروں کے معاملے پر مذاکرات کرنے والی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چند روز قبل کہا تھا کہ ایران کے ساتھ نیوکلیر ڈیل پر مذاکرات مثبت سمت آگے بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ روز ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے عمانی ٹیلی ویژن سے بات کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ کوئی بھی ایران کو یورینیم کی افزودگی سے نہیں روک سکتا۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران ایسے تمام دباؤ کو مسترد کرتا ہے اور اپنے یورینیم کی افزودگی کے حق پر قائم ہے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ عالمی قوانین ہر ملک کو پر امن مقاصد کے لیے نیوکلیر توانائی سے متعلق سائنسی سرگرمیوں کی اجازت دیتے ہیں۔ پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران نیوکلیر ہتھیار حاصل کرنے کا خواہاں نہیں، نہ ماضی میں ایسا چاہا، نہ مستقبل میں ایسا ارادہ رکھتا ہے ، کیوں کہ یہ ایران کے عقیدے کے خلاف ہے ۔ تاہم وہ، طبی، زرعی، صنعتی اور سائنسی مقاصد کے لیے افزودگی سے کبھی دست بردار نہیں ہو گا۔