ایران کی تباہی کے خواہاں امریکہ و اسرائیل ہی تباہ ہوں گے

   

قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد عزت مآب آقا حامد احمدی کا دعویٰ
احتجاجی مظاہروں میں بیرونی ایجنٹوں کی نشاندہی، دشمان اسلام کو ایران سے خوف
حیدرآباد۔ 20 جنوری (سیاست نیوز) ایران میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لئے امریکہ اور اسرائیل پوری طرح ذمہ دار ہیں۔ امریکہ اور اسرائیل جان بوجھ کر ایران میں بے چینی پیدا کررہے ہیں۔ ان کا مقصد حکومت اسلامی جمہوریہ ایران کو بیدخل کرکے سارے علاقہ میں اپنی اجارہ داری قائم کرنا اور سارے علاقہ کی شناخت تبدیل کرنا ہے لیکن جمہوریہ اسلامیہ ایران کی قیادت اور ایران کے غیور عوام دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ اسلام دشمن طاقتوں کی لاکھ سازش کے باوجود ایران میں حالات پوری طرح کنٹرول میں ہیں، امریکہ اور اسرائیل خاص کر موساد پوری طرح بے نقاب ہوکر رہ گئے ہیں۔ دنیا بھی جان چکی ہے کہ امریکہ اپنی اجارہ داری قائم کرنے اس طرح کی اوچھی حرکتیں کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایرانی قونصل جنرل عزت مآب حامد احمدی نے کیا۔ انہوں نے جنوبی ہند بالخصوص حیدرآباد کے میڈیا کو بتایا کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت امریکہ، اسرائیل کی ایماء پر ایران کے داخلی امور میں مداخلت کررہا ہے۔ احتجاجی مظاہروں میں موساد کے ایجنٹس شامل ہوکر ایران میں بے چینی پھیلاتے ہوئے ایرانی اور ایرانی عوام کے مفادات ان کے تشخص ان کی شناخت کو نقصان پہنچاکر اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں لیکن ایرانی عوام کو ہم سلام کرتے ہیں کہ ان لوگوں نے مومن کی فراست کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو فوری پہچان لیا۔ عزت مآب حامد احمدی نے یہ بھی واضح کیا کہ مہنگائی اور کرنسی کی قدر میں گراوٹ کو لے کر تاجرین نے پرامن احتجاج کیا اور ایرانی دستور میں عوام کو پرامن احتجاج کا حق عطا کیا گیا تاہم امریکہ نے اسرائیل کی ایماء پر اپنے اسرائیلی ایجنٹوں کو ان احتجاجی مظاہروں میں شامل کروایا تاہم وہ اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل میں ناکام ہوگئے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کے پاس ایسے ثبوت و شواہد خاص طور پر ویڈیو فوٹیجس ہیں جس میں باضابطہ طور پر بیرونی ایجنٹوں کو تشدد برپا کرتے ہوئے مساجد کو آگ لگاتے ہوئے اور سیکوریٹی فورسیس کے اہلکاروں پر حملے کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ایرانی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد عزت مآب حامد احمدی نے یہ بھی سوال کیا کہ مساجد کو نذرآتش کرنے والا اور کلام الٰہی کے تقدس کو پامال کرنے والا مسلمان ہوسکتا ہے؟ ہرگز نہیں، ایرانی عوام اسلام دشمن طاقتوں کی سازشوں کو اچھی طرح سمجھ گئے ہیں، انہیں اندازہ ہوگیا ہے کہ ایران کو جن پریشانیوں اور مشکلات کا سامنا ہے اس کے لئے امریکہ اور اس کے اتحادی ذمہ دار ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران اور اس کے بہادر عوام 45 برسوں سے پابندیوں کا سامنا کررہے ہیں۔ ان پابندیوں کے باوجود ایران نے زندگی کے ہر شعبہ میں ترقی کی ہے خاص طور پر ڈرون ٹکنالوجی، میزائیل ٹکنالوجی، دفاعی شعبہ تعلیمی وطبی شعبوں میں اپنی اختراعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ہند۔ ایران تعلقات کے بارے میں کہا کہ صدیوں سے دونوں ملکوں کے خوشگوار تعلقات ہیں اور عالمی پلیٹ فارمس پر دونوں ملکوں نے اپنے دوستانہ تعلقات کو ثابت بھی کیا۔ قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد عزت مآب آقا حامد احمدی نے پرزور انداز میں یہ بھی کہا کہ ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای کی قیادت میں ایرانی قوم اسلام اور ایران کے دشمنوں سے مقابلہ کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ دشمن کو اس کی دشمنی اور برے و ناپاک عزم و ارادوں کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ امریکہ اور اسرائیل کی سازشوں و منصوبوں کو خاک میں ملایا جائے گا۔