ایران کی جانب سے آپریشن وعدہ صادق کی66 ویں لہر کا آغاز، تل ابیب پر حملے

   

تہران، 20 مارچ (یو این آئی) ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف آپریشن وعدہ صادق چار کی 66 ویں لہر کا آغاز کر دیا ہے ۔ ایران جنگ کے 21 ویں روز ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف آپریشن وعدہ صادق چار کی 66 ویں لہر کا آغاز کردیا گیا ہے ، جس کا نام ‘یا زہرہ’ رکھا گیا ہے ۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المھندس کی یاد میں کی گئی جب کہ اس حوالے سے میزائل اور ڈرون فائر کرنے کے مناظر جاری کیے گئے ہیں۔ ایران کی جانب سے حملے تل ابیب اور مقبوضہ علاقوں کے اہم اہداف پر کیے گئے ہیں۔ جب کہ پاسداران انقلاب نے اس لہر میں امریکی فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ ان حملوں میں قدر، خرمشہر، خیبر شکن، قیام اور ذوالفقار میزائل استعمال کیے گئے ہیں، جو ٹھوس اور مائع ایندھن والے ، ملٹی وار ہیڈ کے حامل ہیں جب کہ ڈرون حملے بھی 66 ویں لہر کا حصہ ہیں۔ پاسداران انقلاب نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو جنگ کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے اور یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔