ایران کی جنگی مشقیں: 16 بیلیسٹک میزائلوں کے تجربے کا دعوی

   

تہران۔ ایران نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائلوں کے ایک درجن سے زائد تجربے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس نے ایران کے خبر رساں ادارے ارنا کے حوالے سے ایک رپورٹ میں کہا ہیکہ کل 16 میزائل ملک کے جنوبی حصے میں جاری بڑی عسکری مشقوں کے دوران داغے گئے۔ ان میزائلوں کو ایماد، غدر، سیجل، زلزل، دیزفل اور ذوالفقار کے نام دیے گئے ہیں۔ یہ میزائل 220 میل سے 1250 میل تک کے فاصلے تک مار کر سکتے ہیں۔ ایران نے کہا ہے کہ اس کے چھوٹے اور درمیانے فاصلے پر مار کرنے والے میزائل خطے میں امریکی اڈوں اور اسرائیل کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دس میزائلوں نے ایک ہی ہدف کو بیک وقت نشانہ بنایا۔ ایران کے سرکاری ٹی وی چینل نے دکھایا کہ ان میزائلوں کو کسی صحرا سے داغا گیا۔