منیلا 9 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) فلپائن نے سابق مس ایران بہارہ زارا بہاری کی پناہ کی درخواست کو منظور کر لیا جو ایک ماہ سے زیر حراست ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فلپائن کے سیکریٹری انصاف و ترجمان مارک پیریٹ نے کہا کہ سابق مس ایران کو منیلا کے نینوئے اکوئینو ایئرپورٹ سے گرفتاری کے ایک ماہ بعد ملک میں قیام کی اجازت دی گئی ۔رپورٹ کے مطابق بہارہ زارا بہاری 18 اکتوبر کو دبئی سے منیلا پہنچی تھیں جہاں انہیں ایئرپورٹ سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی کیونکہ انٹرپول سے ریڈ وارنٹ جاری کئے گئے تھے۔ پیریٹ نے کہا کہ ان کی پناہ کی درخواست منظورہو گئی ہے لیکن یہ معلوم نہیں کہ بہارہ کو تاحال ایئرپورٹ سے باہر نکلنے کی اجازت دی گئی ہے یا نہیں تاہم امیگریشن نے دستاویزات کی تیاری شروع کردی ہے۔ فلپائن امیگریشن نے کہا کہ بہارہ کو فلپائن کے شہر ڈیگوپان میں مبینہ طور پر تشدد کے واقعے اور بیٹری مقدمہ میں انٹرپول کے ریڈ نوٹس کی بنیاد پر روکا گیا تھا۔