ایران کی قومی سلامتی کونسل کا سربراہ تبدیل

   

قاہرہ : ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے ملک کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا سکریٹری بدل دیا ہے۔ برسوں سے اس عہدہ پر فائز علی شام خانی نے عرب ممالک کے ساتھ مذاکرات میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ ان کا جانشین ایک جنرل کو بنایا گیا ہے۔تہران سے پیر 22 مئی کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے علی اکبر احمدیان نامی جس جنرل کو ملک کے اعلیٰ ترین سکیورٹی ادارے کا نیا سکریٹری مقرر کیا ہے، ان کا تعلق انتہائی طاقت ور سمجھی جانے والی محافظین انقلاب کور سے ہے۔صدر رئیسی کی سرکاری ویب سائٹ پر ایک رپورٹ میں بتایا گیا، ’’علی اکبر احمدیان کو ایک صدارتی فرمان کے ذریعے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کا نیا سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ہے۔‘‘ویب سائٹ کے مطابق جنرل احمدیان ایران کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے فارغ التحصیل ہیں اور نئے عہدے پر اپنی تقرری سے قبل وہ اسلامی محافظین انقلاب کور کے اسٹریٹیجک سینٹر کی سربراہی کر رہے تھے۔اس کے علاوہ جنرل احمدیان ایران کی مجمع تشخیص مصلحت نظام نامی اس کونسل کے رکن بھی رہے ہیں، جو ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی مشاورت کا کام کر تی ہے۔علی اکبر احمدیان اس کے علاوہ ماضی میں محافظین انقلاب کور کی بحری فوج کے کمانڈر اور اسی کور کے جوائنٹ سٹاف کے سربراہ کے عہدے پر بھی فائز رہے ہیں۔