ایران کی کوچ ایشیائی کپ میں ٹیم کی رسائی پر مسرور

   

عمان، 20 جولائی (آئی اے این ایس) ایران کی ہیڈ کوچ مرضیہ جعفری نے اپنی ٹیم کی اے ایف سی ویمنز ایشین کپ آسٹریلیا 2026 میں رسائی حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ میچ ڈے 4 پر لبنان کے خلاف 3-1کی شکست کے بعد، ایران کے لیے اردن کے خلاف فتح حاصل کرنا ضروری تھا اور ٹیم نے یہ ہدف حاصل کر لیا، ایک سخت مقابلے میں 2-1 کی کامیابی کے ساتھ ایشیائی کپ کے لیے مسلسل دوسری بار جگہ بنائی۔ جعفری نے کہا میں بہت خوش ہوں کہ ہم ایرانی عوام کے دل خوش کرنے میں کامیاب رہے۔ ایشین کپ کے لیے کوالیفائی کرنا آسان نہیں تھا۔ ہم نے مشکل حالات میں شرکت کی، شدید تربیتی کیمپس، لاجسٹک مسائل اور ذہنی دباؤ کے باوجود، میرے کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی اور توقعات سے بڑھ کر کارکردگی دکھائی۔ کھلاڑیوں نے نہ صرف تکنیکی لحاظ سے اعلیٰ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، بلکہ یہ بھی دکھایا کہ وہ ایک بڑی ٹیم کی طرح ذہنی طور پر مضبوط اور پْرعزم ہیں۔ یہ ٹیم دیکھے جانے کی مستحق ہے۔اگرچہ کوالیفائی کرنے کی خوشی نمایاں تھی، لیکن تجربہ کار کوچ نے کہا کہ اب ٹیم کو مزید محنت کرنا ہوگی تاکہ وہ 2022 کے گروپ مرحلے کی کارکردگی سے بہتر کھیل پیش کر سکے۔یہ کامیابی اختتام نہیں بلکہ ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ ہمیں آخری مرحلے میں مضبوط کارکردگی کے لیے ایک جامع منصوبہ بنانا ہوگا۔