واشنگٹن ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی فوج کی مرکزی کمان کے کمانڈر کینتھ میکنزی کا کہنا ہے کہ ایران، عراق سے امریکی افواج کے انخلا کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے باور کرایا کہ امریکہ ایرانی دباؤ کے سبب خطے سے ہر گز کوچ نہیں کرے گا۔میکنزی عراق میں امریکی ٹھکانوں پر جاری راکٹ حملوں کے حوالے سے تبصرہ کر رہے تھے۔امریکی مرکزی کمان کے کمانڈر کے نزدیک ایران اور اس کے علاوہ عراق میں تہران کے ایجنٹس یہ حملے کر رہے ہیں کیوں کہ وہ سیاسی میدان میں کامیاب نہیں ہو سکے۔میکنزی نے ایرانی اثرات سے نمٹنے کے لیے عراقی حکومت کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی ستائش کی۔