ایران کے فسادات میں ٹرمپ راست طور پر ملوث :خامنہ ای

,

   

عوام کو اُکسانے، ملک میں بدامنی پھیلانے کا امریکی صدر پر الزام

تہران ۔17؍جنوری ( ایجنسیز )ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ حالیہ مظاہروں میں ہونے والی ہلاکتوں اور مالی نقصان کے اصل ذمہ دار ڈونلڈ ٹرمپ ہیں۔میڈیا کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر نے ڈونالڈ ٹرمپ کو مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان مظاہروں کے پیچھے براہ راست امریکی صدر ملوث ہیں۔آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ہلاکتوں، مالی نقصان اور عوام کے خلاف پروپیگنڈے کے اصل ذمہ دار خود امریکی صدر ہیں۔ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ حالیہ ایران مخالف بغاوت اس لحاظ سے مختلف تھی کہ اس میں امریکی صدر ذاتی طور پر ملوث تھا۔انھوں نے الزام لگایا کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے ایرانی عوام کو اکسانے، ملک میں بدامنی پھیلانے اور سوشل میڈیا و بیانات کے ذریعے تشدد کو ہوا دینے میں براہِ راست کردار ادا کیا۔آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ یہ احتجاجات کسی عوامی تحریک کے بجائے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی منصوبہ بند سازش تھے جن کا مقصد ایران کو عدم استحکام سے دوچار کرنا تھا۔ایران کے رہبر اعلیٰ خامنہ ای نے کہا کہ دشمن قوتیں اقتصادی مشکلات کو بہانہ بنا کر نظام کے خلاف نفرت پھیلانا چاہتی تھیں۔بین الاقوامی انسانی حقوق تنظیموں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں دسمبر کے آخر سے شروع ہونے والے احتجاج میں ڈھائی ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔یاد رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ نے متعدد بیانات میں ایرانی مظاہرین کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر گرفتار مظاہرین کو پھانسی دی گئی تو امریکہ حملہ کردے گا۔جس کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران نے مظاہرین کو سزائے موت دینے پر عمل درآمد روک دیا ہے۔ اس لیے اب وہ فوجی کارروائی نہیں کر رہے ہیں۔ان باتوں کے باوجود امریکہ کی جانب سے ایران پر حملہ کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔