نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر کے سربراہ کی آمد
حیدرآباد: 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر، ایران کلچرل ہائوز نئی دہلی نے تلنگانہ کے ڈپارٹمنٹ آف ہیریٹیج کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ ڈپارٹمنٹ آف ہیریٹیج میں موجود مینوسکرپٹ، دستاویزات اور ریکارڈس کے ڈیجیٹلائزیشن، رپیئر، کنزرویشن اور کیاٹلاگنگ کے لیے یہ معاہدہ کیا گیا۔ فارسی، اردو، عربی، سنسکرت اور دیگر زبانوں میں موجود تاریخی دستاویزات کے تحفظ کے مقصد سے اس معاہدے کو قطعیت دی گئی۔ مئی 2024ء میں معاہدے کے مطابق کام کا آغاز ہوا۔ مذکورہ کاموں کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم مصروف ہے جو مختلف زبانوں اور موضوعات پر عبور رکھتی ہے۔ ماہرین نے 500 سے زائد کتابوں بشمول مینوسکرپٹ کے تحفظ کا کام مکمل کرتے ہوئے کتابوں کی اشاعت انجام دی ہے۔ ڈاکٹر مہدی خاجی پوری ڈائرکٹر نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر نے دورۂ حیدرآباد کے موقع پر ماہرین کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تاریخی مینوسکرپٹ کے تحفظ کے لیے تجاویز پیش کیں۔ ڈپارٹمنٹ آف ہیریٹیج کے تحت موجود کئی مینوسکرپٹ انتہائی خستہ حالی کا شکار ہیں، ان کا تحفظ کرتے ہوئے اشاعت عمل میں لائی جائے گی۔ تقریباً 3 ہزار سے زائد اجنتا پینٹنگس کے تحفظ کے لیے ایران سے ماہرین کو مدعو کیا گیا ہے۔ نور انٹرنیشنل مائیکرو فلم سنٹر کے ریجنل ڈائرکٹر علی اکبر نیرومند نے بتایا کہ ماہرین مقررہ مدت میں مخطوطات اور دیگر دستاویزات کے تحفظ کا کام مکمل کرلیں گے۔1