ایران کے مزید حملے، صہیونی ریاست دھماکوں سے گونج اٹھی

   

تہران ۔ 2 مارچ (ایجنسیز) ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی میزائل حملوں کے تازہ سلسلے کے بعد متعدد اسرائیلی شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسیوں کے مطابق کم از کم 7 اسرائیلی ان حملوں میں زخمی ہوئے ہیں جبکہ کئی گاڑیاں اور عمارتیں متاثر ہوئیں، جس سے شہری علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاعات کے مطابق یروشلم اور تل ابیب سمیت مختلف علاقوں میں میزائل گرنے کے بعد سائرن بج اٹھے اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا۔ مغربی یروشلم میں آگ بھڑکنے کی بھی اطلاعات ملیں جس کے بعد امدادی ٹیموں نے کارروائیاں شروع کیں۔ اسرائیلی حکام نے ملک بھر میں ہنگامی حالت کی مدت میں 12 مارچ تک توسیع کرتے ہوئے سیکوریٹی فورسز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ حملوں میں سیکڑوں امریکی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے۔ اسی طرح امریکی طیارہ بردار جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔ دریں اثنا پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکروں کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے، جس کے بعد عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ ادھر اردن نے میزائل حملوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ایرانی سفیر کو طلب کر لیا اور علاقائی کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش ظاہر کی۔