ایران کے معاملے پرامریکا عالمی کانفرنس کی میزبانی کرے گا

,

   

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکا آئندہ ماہ پولینڈ میں ایک بین الاقوامی سربراہی ملاقات کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جس میں مشرق وُسطیٰ میں ایرانی اثر و رسوخ پر غور و خوض کیا جائے گا۔ پومپیو نے یہ بات فوکس نیوز کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہی جسے آج جمعہ 11 جنوری کو نشر کیا گیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ان دنوں مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں۔ ان کا یہ دورہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے شام سے فوجی انخلاء کے فیصلے کے بعد عمل میں آیا ہے۔ ٹرمپ کے اس غیر متوقع فیصلے کے بعد ان خدشات میں اضافہ ہوا ہے کہ خطے میں ایرانی اثر و رسوخ بڑھ سکتا ہے۔

پومپیو نے اپنے اس انٹرویو کے دوران کہا، ’’ہم دنیا بھر سے درجنوں ممالک کو ایک جگہ اکٹھا کریں گے۔ پومپیو کے مطابق وہ مشرق وُسطیٰ میں امن اور استحکام پر بات کریں گے اور آزادی اور سلامتی جیسے معاملات پر غور کریں۔ پومپیو کے مطابق اس دوران اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ ایران عدم استحکام کا باعث نہ بن سکے۔ پومپیو کے مطابق یہ کانفرنس 13 اور 14 فروری کو منعقد ہو گی۔

مائيک پومپيو خطے کے اپنے آٹھ روزہ دورے کے دوران آج متحدہ عرب امارات اور بحرين جا رہے ہیں۔ قبل ازیں وہ اردن، ترکی اور عراق بھی جا چکے ہیں۔ بحرین کے بعد پومپيو سعودی عرب، قطر، عمان اور کويت بھی جائيں گے۔