تل ابیب : اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے انکشاف کیا ہے کہ اْن کے ملک کے کاندھوں پر یہ ذمے داری ہے کہ وہ ایرانی نظام کو نمایاں صورت میں ضرر پہنچائے۔جمعرات کی شام ایک نئی ٹویٹ میں بینیٹ نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اسرائیلی فوج کی کمان کے ساتھ اجلاس میں ملک کو درپیش مختلف چیلنجوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ان میں سرفہرست ایران کا خطرہ ہے۔بینیٹ نے واضح کیا کہ آئندہ مرحلے میں اْن کے اور ان کے ملک کے لیے مرکزی مشن ایرانی نظام اور مختلف علاقوں میں تہران کے زیر انتظام تنظیموں اور جماعتوں کو نقصان پہنچانا ہے۔اس سے قبل ایک اسرائیلی ویب سائٹ نے ایرانی میزائلوں کے نشانے پر موجود اسرائیلی اہداف کا انکشاف کیا تھا۔ ان میں سرفہرست نیوکلیئر اور تزویراتی تنصیبات ہیں۔ ویب سائٹ کے مطابق ایران نے اپنے لیے اسرائیل کے اندر ’’نیوکلیئر اہداف کا مجموعہ‘‘ متعین کیا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے مستقبل میں ایرانی نیوکلیئر تنصیبات پر کسی بھی اقدامی حملے کی صورت میں مذکورہ اسرائیلی نیوکلیئر اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ویب سائٹ نے باور کرایا کہ ایران اس منظر نامے کے واسطے خود کو تیار کر رہا ہے۔