برطانیہ کو اس میں گھسیٹنے نہیں دینگے: کیئر اسٹارمر
لندن : یکم اپریل ( ایجنسیز ) برطانیہ کے وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ ہم برطانیہ کو اس جنگ میں گھسیٹنے نہیں دیں گے، ایران جنگ ہماری نہیں، اس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ کسی صورت برطانیہ اس جنگ میں شامل نہیں ہوگا، ایران امریکہ جنگ ہماری جنگ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کے اثرات ہمارے مستقبل کو متاثر کریں گے اس لیے ہم برطانیہ کو اس جنگ میں گھسیٹنے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم آنے والی نسلوں کو محفوظ ملک دینا چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں برطانوی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے فارن سیکریٹری ییٹی کوپر سیاسی اور سفارتی اقدامات کے لیے کام کریں گے اور اس کے لیے وہ بین الاقوامی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے نیٹو اتحاد سے علیحدگی پر غور کرنے سے متعلق سوال پر برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چاہے کتنا ہی دباؤ کیوں نہ ہو، ہمیں اپنے ملک کے مفاد میں فیصلہ کرنا ہے۔