ماسکو،10جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور ایران میں کشیدگی کے انتہاپر پہنچ جانے کے بیچ روس نے امیدظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک اب کسی نئے حملہ سے گریز کریں گے اور دیگر ملکوں کے ساتھ دوطرفہ رشتوں کے ذریعہ خطہ میں استحکام بحال کرنے کے ارادے سے آگے بڑھیں گے ۔روس کے نائب وزیرخارجہ سرگئی ریابکوف نے مغربی ایشیا میں جاری کشیدگی کے تعلق سے جمعہ کو کہا،‘‘ امیدکرتے ہیں کہ امریکہ اورایران کسی نئے حملہ سے گریز کریں گے اور ہم بھی کوشش کریں گے کہ دونوں ملکوں کے درمیان پھر سے کشیدگی نہ بڑھے ۔’’انھوں نے حالانکہ کہا،‘‘ مجھے نہیں لگتا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم ہورہی ہے لیکن ہمیں امیدہے کہ مغربی ایشیا میں اب کشیدگی نہ پیداہو۔’’واضح رہے کہ ایران کے جنرل سلیمانی گزشتہ جمعہ کو امریکی فضائی حملہ میں ہلاک ہوگئے تھے ۔ایران کے پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل سلیمانی کے علاوہ ایران کی حمایت یافتہ تنظیم الحشد الشعبی کے نائب سربراہ ابومہدی المہندس سمیت 10افراد کی امریکی حملہ میں موت ہوگئی تھی ۔امریکہ کے اس حملہ کے بعد سے ہی خطہ میں حالات کشیدہ تھے کیونکہ ایران نے عراق میں امریکہ کے فوجی ٹھکانوں پر حملہ میں 80فوجیوں کو ہلاک کرنے کادعوی کیاتھا۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حالانکہ کہاتھا کہ سب ٹھیک ہے ۔