روم۔ 24 مئی (یو این آئی) ایران اور امریکہ کے درمیان نیوکلیر مذاکرات کا روم میں پانچواں دور ختم ہوگیا۔امریکی حکام کے مطابق دونوں فریقین کی جانب سے آئندہ بھی ملاقات پراتفاق کیا گیا ہے ۔حکام نے بتایا کہ امریکہ اورایران کے درمیان مذاکرات تعمیری رہے ، مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں ملکوں کو مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور مشرق وسطیٰ میں امریکہ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف نے اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کی۔واضح رہے کہ ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان یورانیم افزودگی کے معاملہ پر تنازعہ جاری ہے ، امریکہ اور مغربی ممالک طویل عرصہ سے ایران پر نیوکلیر ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کا الزام لگاتے آ رہے ہیں جبکہ ایران مسلسل یہ دعویٰ کرتا آیا ہے کہ اس کا نیوکلیئر پروگرام صرف پرامن مقاصد کے لیے ہے ۔