پیرس۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) فرانسیسی صدر ایمونیول میکرون نے منگل کے روز اپنے ایرانی ہم منصب حسن روحانی سے بات کرتے ہوئے امریکہ اور ایران کے مابین پائی جانے والی کشیدگی کو کم کرنے کی ضرورت پر بات چیت کی۔ فرانسیسی صدر کی سرکاری رہائش گاہ ایلیسی پیالیس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے جس کے تحت ایران اور امریکہ کے مابین بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے کی ضرورت پر زور دیا جارہا ہے۔ 2015ء میں ایران کے ساتھ کئے گئے نیوکلیئر معاہدہ سے گزشتہ سال امریکہ نے خود کو الگ کرلیا تھا حالانکہ یوروپی حلیف ممالک اس فیصلہ سے خوش نہیں تھے لیکن امریکہ نے نہ صرف خود کو الگ کرلیا بلکہ ایران پر تازہ تحدیدات بھی عائد کردی تھی۔ میکرون کے ایکبار پھر ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کو جلد سے جلد ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
