ایراولی فارم ہاؤز میں کے ٹی آر کی کے سی آر سے ملاقات

   

بلدیاتی انتخابات ، فون ٹیاپنگ کیس میں ایس آئی ٹی کی نوٹس کے علاوہ دیگر امور پر غور

حیدرآباد : /30 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ایراولی فارم ہاؤز پہنچکر اپنے والد سابق چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر سابق وزیر جگدیش ریڈی بھی موجود تھے ۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس ملاقات میں ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال ۔ بلدیاتی انتخابات اور فون ٹیاپنگ معاملے میں ایس آئی ٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس اور تحقیقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس ملاقات کے دوران ایس آئی ٹی کے سامنے پیشی کے دوران پوچھے جانے والے سوالات ۔ احتیاطی تدابیر اور بیانات سے متعلق نکات پر بھی بات ہوئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس فارم ہاؤز پر ایک دن قبل سابق وزیر ہریش راؤ نے بھی کے سی آر سے ملاقات کی تھی ۔ جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں کہ پارٹی قیادت فون ٹیاپنگ کیس کو لے کر ایک مشترکہ حکمت عملی طئے کررہی ہے ۔ بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر ایس آئی ٹی کی ممکنہ رپورٹ سیاسی طورپر خاص اہمیت اختیار کرچکی ہے ۔ جس کے تناظر میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ ایس آئی ٹی کی نوٹسوں سے کس طرح نمٹا جائے اور پارٹی کو نقصان پہنچائے بغیر حقائق کو عوام کے سامنے کیسے رکھا جائے اس کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اس ملاقات میں حکومت کے موقف اور اپوزیشن کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات کا موثر جواب دینے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کے سی آر ۔ کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے آنے والے دنوں میں پارٹی کے سیاسی اقدامات ، ممکنہ عوامی تحریکوں کے آغاز اور میڈیا کے ذریعہ اٹھائے جانے والے اہم مسائل پر بھی گفتگو کی گئی ۔ ایراولی فارم ہاؤز میں ہونے والی ملاقاتیں ریاست کی سیاست میں ایک نئی بحث کو جنم دے رہی ہے اور اس کو بی آر ایس کے مستقبل کی حکمت عملی کے طور پر دیکھا جارہا ہے ۔ 2