ایرپورٹ پر گمشدہ اشیاء مسافرین کے حوالے

   

شمس آباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد آر جی آئی اے آوٹ پوسٹ پولیس نے گمشدہ اشیاء کا پتہ لگاتے ہوئے مسافروں کو ان کی اشیاء ان کے حوالے کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق جدہ سے آنے والے محمد مقصود علی کا ایرپورٹ پر ایک بیاگ گم ہوگیا تھا جس میں 20 گرام سونا ، دس ہزار روپئے نقد رقم ، پاسپورٹ اور ایک موبائل فون تھا ۔ شکایت ملنے کے بعد آوٹ پوسٹ پولیس نے تکنیکی مدد کے ذریعہ اس بیاگ کا پتہ لگایا اور شکایت کنندہ کے حوالے کیا ۔ دوسرے معاملے میں راہول ایرپورٹ پر پاسپورٹ رکھ کر بھول گئے شکایت ملنے کے بعد سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ان کے پاسپورٹ کا پتہ لگایا اور اسے ان کے حوالہ کیا ۔ تیسرے کیس میں دھوپتی گوپی نے شکایت کی کہ اس کا بیاگ گم ہوگیا جس میں اس کے تعلیمی سرٹیفیکٹ تھے ۔ وہ ایک کیاب میں یہ بیاگ بھول گیا ۔ پولیس نے تکنیکی طور پر کام کرتے ہوئے اس بیاگ کو بھی حاصل کرتے ہوئے شکایت کنندہ کے حوالے کردیا ۔ پولیس کی کارروائی پر شکایت کنندوں نے اطمینان کا اظہار کیا اور پولیس سے اظہار تشکر کیا ۔ شمس آباد ڈی سی پی بی راجیش نے آوٹ پوسٹ انسپکٹر کنکیا اور اسٹاف کی بروقت کارروائی کی ستائش کی ۔۔