ایرپورٹ کوریل سے مربوط کرنے حیدرآباد کو بنگلورو نے راہ دکھائی

   


موسم گرما سے قبل، عمدہ نگر تک ایم ایم ٹی ایس سب اربن ٹرینس خدمات متوقع

حیدرآباد : کوروناوائرس وبا کے دوران بنگلورو نے کچھ غیرمعمولی کام کیا ہے۔ اس نے ایک ایرپورٹ اسٹیشن کے ذریعہ کے گوڑا انٹرنیشنل ایرپورٹ کو ریل رابطہ سے مربوط کیا ہے جس سے 10 تا 15 روپئے میں ایک آٹھ کوچ ٹرین میں ایک گھنٹہ کا سفر کرتے ہوئے ایرپورٹ پہنچا جاسکتا ہے جبکہ اس کے لئے کیاب حاصل کرنے پر تقریباً 1000 روپئے ادا کرنا پڑتا ہے۔ اگر اس میں حکام دلچسپی لیں تو یہ یہاں حیدرآباد میں بھی کم سے کم خرچ کے ساتھ کیا جاسکتا ہے۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے (ایس سی آر) کی جانب سے فلک نما اور عمدہ نگر کے درمیان 13 کیلو میٹر اسٹریچ پر موسم گرما سے قبل ڈیلنگ اور الیکٹریفکیشن کے کام کو مکمل کیا جائے گا تب راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ شمس آباد سے چھ کیلو میٹر کی دوری پر واقع عمدہ نگر تک ایم ایم ٹی ایس سب اربن ٹرینس کو چلانا ممکن ہوگا۔ بنگلورو ایرپورٹ اتھاریٹیز نے ایرپورٹ ریلوے اسٹیشن پر ضروری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے فنڈس فراہم کئے ہیں اور 20 منٹ میں ایرپورٹ پہنچنے کیلئے مفت شٹل سرویسیس چلا رہے ہیں۔ یہ سہولتیں اب یہاں عمدہ نگر کے قریب بہت کم ہیں اور ریلویز شائد اس طرح کی سہولتیں فراہم کرنے آمادہ نہیں ہوگا۔ ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ہم کو ٹرمنل سے 3-2 کیلو میٹر کی دوری پر ایک ایرپورٹ ریل اسٹیشن کی پیشکش کی گئی جبکہ ہم یہ ٹرمنل سے قریب چاہتے ہیں تاکہ مسافرین کو ایک اور شٹل لینے کی ضرورت نہ ہو۔ میٹرو ریل کے فیز I کو ایم جی بی ایس ۔ فلک نما تک 5 کیلو میٹر تک وسعت بھی دی جاسکتی ہے جہاں سے شمس آباد ایرپورٹ تقریباً 16 کیلو میٹر ہے۔ تاہم اس راہداری کو بہت دیر سے شروع کیا جائے گا کیونکہ حکومت یہ سمجھتی ہیکہ گچی باؤلی تا انٹرنیشنل ایرپورٹ ٹریفک کی آمدورفت بہت زیادہ ہوتی ہے۔