اومی کرون کا کوئی مریض نہیں ، تلنگانہ میں 311 افراد کورونا پازیٹیو
حیدرآباد۔31ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاست میں اومی کرون کے کوئی نئے مریض کی توثیق نہیں ہوئی ہے لیکن شمس آباد پہنچنے والے مسافرین میں 7 مسافرین کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد ان کے جینوم کی جانچ کے لئے نمونوں کو گاندھی ہاسپٹل روانہ کیا جاچکا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں آج کورونا وائرس کے 311 مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 222 بتائی گئی ہے۔ کورونا وائرس کے سبب گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 افراد فوت ہوئے ہیں جبکہ شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر 159معائنوں میں 7 مسافرین کو کورونا وائرس کی توثیق کے بعد انہیں قرنطینہ کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ محکمہ صحت تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ اومی کرون کے جملہ متاثرین میں مزید 5 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور انہیں دواخانہ سے ڈسچارج کیا جاچکا ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق اومی کرون کے متاثرین میں ابتداء سے ہی سنگین بیماریوں میں مبتلاء افراد کی حالت تشویشناک ہوئی لیکن مجموعی اعتبار سے صحت مند افراد جو اومی کرون سے متاثر ہوئے ہیں ان میں کسی کو بھی اب تک آکسیجن کی ضرورت بھی نہیں محسوس کی گئی ہے۔ محکمہ صحت کے بلیٹن میں دکھائے گئے اعداد و شمار سے اندازہ ہوتا ہے کہ تلنگانہ میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ جن مسافرین کے کورونا وائرس کی رپورٹ پازیٹیو پائی گئی ہے ان مسافرین کے جینوم کی جانچ کے لئے نمونے روانہ کئے گئے ہیں اور مجموعی اعتبار سے 27 مسافرین کے جینوم کی جانچ رپورٹ موصول ہونا باقی ہے جن میں آج کورونا وائرس سے متاثرہ پائے گئے 7 مسافرین بھی شامل ہیں۔ م