محکمہ بلدی نظم و نسق میں عہدیداوں کو ہدایات
حیدرآباد۔ 27 مارچ (سیاست نیوز) حکومت نے محکمہ بلدی نظم و نسق کے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کی احتیاطی تدابیر کے طور پر ایرکنڈیشن کے استعمال پر کنٹرول کریں۔ ایرکنڈیشن کے استعمال کو کم کرتے ہوئے کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکتا ہے۔ سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق سدرشن ریڈی نے اس سلسلہ میں محکمہ کے عہدیداروں کے لیے ہدایت جاری کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو پر قابو پانا ہر شخص کی ذمہ داری ہے۔ اس سلسلہ میں سرکاری دفاتر میں ایرکنڈیشن کے استعمال میں بڑی حد تک کمی کی جانی چاہئے۔ دفاتر کے اندرونی حصے اور راہداریوں میں صحت و صفائی کا انتظام کیا جائے اور انہیں ہوادار بنایا جائے تاکہ ہوا بآسانی گزرسکے۔ ماحول کو ہوادار بنانے کے ذریعہ وائرس سے بچائو ممکن ہے۔ عہدیداروں نے ایرکنڈیشن کا استعمال صرف ناگزیر حالات میں کرنے کا مشورہ دیا۔