سنگاپور۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایک 39 سالہ ہندوستانی نژاد شخص کو 2017ء میں کوچین سے سنگاپور جانے والے طیارہ میں ایرہوسٹس کے ساتھ نازیبا حرکت کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔ چینل نیوز ایشیا کی رپورٹ کے مطابق وجین ماتھن گوپال جو سنگاپور کا مستقل شہری ہے، کو اسکوٹ ایر کی ایک 22 سالہ ایرہوسٹس کے ساتھ 2 نومبر 2017ء کے روز نازیبا حرکت کا قصوروار ٹھہرایا گیا ہے۔ ایرہوسٹس کی شناخت مخفی رکھی گئی ہے لیکن اس نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے ملزم کو فلائیٹ میں سوار ہونے سے قبل پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا جس وقت وہ طیارہ کے دروازہ میں داخل ہوا، اس وقت اس کے منہ سے شراب کی بو آرہی تھی۔ یہی نہیں بلکہ اس کی پتلوں کی زپ بھی کھلی ہوئی تھی۔ ایرہوسٹس کے مطابق ملزم وجین نے اس کے (ایرہوسٹس) چہرے کو چھوا اور بعدازاں اپنے دونوں ہاتھوں کو گھیرے میں اس کا (ایرہوسٹس) چہرہ دبوچ لیا جیسے وہ بوسہ لینا چاہتا ہو۔ اس کے بعد اس نے اس کی (ایرہوسٹس) کی رانوں اور کولہوں کو بھی نازیبا انداز میں چھوا ۔ 28 اگست کو وجین کو ایک بار پھر عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں اس کی سزا کی میعاد کا فیصلہ سنایا جائے گا۔
