ایر انڈیا ملازمین کی کورونا سے پہلے کی تنخواہیں بحال

   

نئی دہلی۔ ایرانڈیا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ملازمین کی تنخواہوں میں کمی اب یکم ستمبر سے روک دی جائے گی۔ جس کی وجہ سے ایر لائن کے ملازمین کو وبا سے پہلے جو تنخواہ ملتی تھی اب یکم ستمبر سے وہی تنخواہ ملنا شروع ہو جائے گی۔ ٹاٹا گروپ نے اس سال جنوری میں ایر انڈیا کو حاصل کیا تھا۔ ایرلائن نے یکم ستمبر سے عملے کے ارکان کے لیے الاؤنسز اور کھانے کے انتظامات پر نظر ثانی کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ایر انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر کیمبل ولسن نے ملازمین کے نام ایک پیغام میں کہا کہ ایر لائن یکم ستمبر 2022 سے تمام ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کو روک دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایرلائن کو منافع بخش ہونے کے لیے ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔کووڈ19 سے بری طرح متاثر ہونے والی ایر لائن انڈسٹری کو اخراجات کم کرنے کے لیے تنخواہوں میں کٹوتی سمیت کئی اقدامات کرنے پڑے۔