حیدرآباد۔ رنگاریڈی کی ایک عدالت نے بیوی کا قتل کرنے والے شوہر کو عمرقید کی سزا سنائی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اپل پولیس نے آج اس کیس میں چارج شیٹ داخل کردیا تھا اور عدالت نے سچن اپل کو عمر قید کی سزا اور 10 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا ہے ۔ 19 اپریل 2015 کے دن 29 سالہ رینو سارین کا سچن اپل کے ہاتھوں قتل ہوا تھا اور 20 اپریل کے دن خاتون کی والدہ نے پولیس اپل میں شکایت کی تھی ۔ رینو سارین پیشہ سے ایر ہوسٹس تھی جس کی شادی سال 2013 میں ہوئی تھی اور سال 2014 میں اس خاتون نے ایک لڑکے کو جنم دیا تھا ۔ شادی کے وقت رینو کے والدین نے جہیز میں لاکھوں روپئے دئے تھے ۔ لالچی شوہر کی جانب سے خاتون کو ہراساں و پریشان کیا جارہا تھا اور مزید رقم کیلئے دباؤ ڈالا جارہا تھا ۔ بچہ کی پیدائش کے بعد شوہر نے بیوی پر الزام لگاتے ہوئے بچہ کا اپنا بچہ ہونے سے انکار کردیا اور ڈی این اے ٹسٹ کروانے کی شرط رکھی اور 10 لاکھ روپئے زائد جہیز کیلئے شوہر اور اس کی والدہ رینو سورین کو پریشان کر رہے تھے ۔ اپل پولیس کے مطابق اپریل 2015 میں خاتون کا قتل کردیا گیا ۔